واشنگٹن: بیرن ٹرمپ سیکیورٹی خدشات کے باعث انتہائی محدودزندگی گزارنے پرمجبور

واشنگٹن (ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ سیکیورٹی خدشات کے باعث انتہائی محدود اور نجی زندگی گزار رہے ہیں اور عوامی مقامات پر جانے سے گریز کرتے ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بیرن ٹرمپ نیویارک یونیورسٹی میں تعلیم کے دوسرے سال میں ہیں اور رواں موسمِ گرما کا بیشتر وقت اپنی والدہ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ کے ساتھ نیو جرسی میں واقع ٹرمپ نیشنل گالف کلب بیڈ منسٹر میں گزار رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بیرن عام طور پر گھر سے باہر نہیں نکلتے اور عوامی سطح پر نظر آنے سے گریز کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ نجی مقامات پر بھی زیادہ دیر قیام نہیں کرتے اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث اپنی نقل و حرکت محدود رکھتے ہیں۔

نیویارک پوسٹ کے مطابق بیرن قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے بھی قریب تھے اور ان کی ہلاکت سے شدید متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیرن نے اپنے والد کو فون کرکے چارلی کرک کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ میلانیا ٹرمپ کے دفتر نے حالیہ دھمکیوں کے پیش نظر بیرن کی نجی زندگی سے متعلق تفصیلات منظر عام پر نہ لانے کی درخواست کی ہے اور وہ اپنے بیٹے کے نجی زندگی گزارنے کے فیصلے کا احترام کرتی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں بیرن ٹرمپ کو مبینہ طور پر نشانہ بناتے ہوئے ان کی نقل و حرکت اور ممکنہ مقامات کا ذکر کیا گیا۔ ویڈیو میں مبینہ طور پر ان کی ہلاکت کیلئے10 ملین ڈالر انعام کی بات بھی کی گئی، تاہم اس انعام کے دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً تین منٹ کی اس ویڈیو کا عنوان ’’Where to kill Barron Trump?‘‘ تھا۔ ویڈیو میں بیرن سے متعلق بعض مقامات، سیکیورٹی اور نقل و حرکت کو گرافکس کے ذریعے دکھایا گیا۔ ایرانی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ بیرن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا رہی ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

امریکی خفیہ سروس نے ایرانی سرکاری میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لینے کی تصدیق کی ہے۔خفیہ سروس کے ترجمان نیٹ ہیرنگ نے کہا کہ ادارہ اس ویڈیو سے آگاہ ہے اور اپنے زیرِ حفاظت افراد کیلئے خطرہ سمجھی جانے والی ہر چیز کی تحقیقات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل سیکیورٹی کے باعث حفاظتی معلومات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔

رپورٹس کے مطابق بیرن ٹرمپ کو درپیش سیکیورٹی خدشات میں ان کے والد ڈونلڈ ٹرمپ کو لاحق مبینہ خطرات بھی شامل ہیں۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت کے اختتام پر بیرن کی خفیہ سروس سیکیورٹی جاری رکھنے کیلئے انتظامیہ سے درخواست کی تھی، جسے منظور کرلیا گیا تھا۔