ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز انکارپوریٹڈ کے زیر اہتمام میڈیا بریفنگ کا اہتمام

مسی ساگا(نمائندہ خصوصی)ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز انکارپوریٹڈکے زیر اہتمام مسی ساگابورڈ آف ٹریڈ میں ایک خصوصی میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا گیا، جس میں آئندہ ہونے والے دو بڑے ایونٹس ’’لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹرز کانفرنس 2026‘‘ اور ’’کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026‘‘ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔

تقریب میں صحافیوں، سوشل میڈیا انفلوئنسرز، ڈیجیٹل میڈیا ماہرین، پرنٹ میڈیا نمائندوں، کمیونٹی رہنماؤں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بزنس لیڈرز کی بڑی تعداد سمیت عتیق فاروقی، انیس فاروقی، عمرانہ چودھری، خلیل میر، غلام مصطفیٰ، بدرمنیر ودیگرنے شرکت کی.

میڈیا بریفنگ کے دوران ان ایونٹس کے وژن، مقاصد اور ان بین الاقوامی مواقع پر روشنی ڈالی گئی جو کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپس، نمائش کنندگان اور عالمی کمیونٹیز کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

رانامحمدتنویر نے میڈیا نمائندوں، شراکت داروں اور معزز مہمانوں کی شرکت اور مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کے ذریعے کینیڈا میں تجارت، سرمایہ کاری اور جدت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ بین الاقوامی کاروباری روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

تقریب کے مطابق ’’لائف اسٹائل ایکسپو بزنس اینڈ انویسٹرز کانفرنس 2026‘‘ اور ’’کینیڈا گیٹ وے ایکسپو 2026‘‘ آئندہ اگست 2026 میں پیئرسن کنونشن سینٹر، برامپٹن میں منعقد ہوں گے۔