ٹورنٹو:نودیپ سنگھ بینس اونٹاریو لبرل پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے

ٹورنٹو(نمائندہ خصوصی)نودیپ سنگھ بینس اونٹاریو لبرل پارٹی کے نئے سربراہ منتخب ہوگئے۔ قیادت کے انتخاب میں ووٹرز کی شرکت میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ 20 ہزار 510 پارٹی ارکان نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔

قیادت کیلئے ہونے والے انتخاب میں تین مرحلوں کے بعد آخری مرحلے میں نودیپ سنگھ بینس نے 50.29 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ وہ آئندہ صوبائی انتخابات میں ڈگ فورڈ کی قیادت میں کنزرویٹو حکومت کا مقابلہ کریں گے۔

نو منتخب سربراہ نودیپ سنگھ بینس نے کامیابی کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ اونٹاریو کے لبرلز نے ان پر اعتماد کیا، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔ اونٹاریو کیلئے تبدیلی کا وقت آگیا ہے اور لبرل پارٹی اس کیلئے تیار ہے۔ ہم مل کر ایسی معیشت بنائیں گے جو مقامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرے اور ایسا صوبہ تشکیل دے جہاں ہر خاندان ترقی کرسکے۔

اونٹاریو لبرل پارٹی کی صدر کیتھرین میک گیری نے پارٹی ارکان، انتخابی عمل میں حصہ لینے والے امیدواروں اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نودیپ سنگھ بینس کو نیا سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ تمام امیدواروں نے بہتر اونٹاریو کیلئےقیادت کا عزم ظاہر کیا، جبکہ رضاکاروں کی محنت سے انتخابی عمل ممکن ہوا۔