ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)اونٹاریو لبرل پارٹی کی جانب سے اسکاربرو ساؤتھ ویسٹ کی نشست کیلئےامیدوار کی نامزدگی کا اہم اجلاس برچ ماؤنٹ پارک کولیجیٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی ارکان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آئندہ صوبائی انتخابات کیلئے اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں رائے دہی کا استعمال کیا۔
اس اجلاس کا آغاز صبح 11 بجے امیدواروں کی تقاریر سے ہوا، جس میں نیٹ ایرسکائن اسمتھ، احسن الحفیظ، قدیرہ جیکسن اور محمودہ نسرین نے اپنے منشور اور حلقے کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ ووٹنگ کا عمل دوپہر بھر جاری رہا جو شام 4 بجے اختتام پذیر ہوا۔
تقاریر کے بعد اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری رہنما جان فریزر نے میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے اس موقع پر پارٹی کے جمہوری عمل کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے والا امیدوار حلقے کی بھرپور نمائندگی کریگا۔ میڈیا کیلئے خصوصی ہولڈنگ روم کا انتظام بھی کیا گیا تھا جہاں پارٹی عہدیداران نے صحافیوں کو بریفنگ دی۔
ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق مقامی ممبران نے کثرتِ رائے سے اپنے نمائندے کا انتخاب کر لیا ہے۔ پارٹی ترجمان میڈلین کالزا وارا کے مطابق اس عمل کا مقصد صوبائی انتخابات سے قبل بہترین اور عوامی مقبولیت رکھنے والے امیدوار کو سامنے لانا ہے۔

