واشنگٹن (رائٹرز، اے ایف پی، سی این این)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کی گئی دو ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست قبول کرتے ہوئے ایران کے خلاف بمباری اور حملے عارضی طور پر معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران پر حملے دو ہفتوں کیلئےروکنے کا حکم دے چکے ہیں اور یہ فیصلہ پاکستان کی قیادت کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد کیا گیا، جس میں عاصم منیر بھی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو آبنائے ہرمز فوری اور محفوظ طریقے سے کھولنے پر آمادہ ہونا ہوگا، جبکہ یہ جنگ بندی دو طرفہ ہوگی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے فوجی اہداف حاصل کر چکا ہے اور اب ایران کے ساتھ طویل مدتی امن معاہدے کے قریب پہنچ چکا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران کی جانب سے 10 نکات پر مشتمل ایک تجویز موصول ہوئی ہے جسے وہ بات چیت کی بنیاد کے طور پر قابل عمل سمجھتے ہیں، جبکہ بیشتر متنازعہ امور پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق رائے بھی ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتوں کا عرصہ اس مجوزہ معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئےدرکار ہے اور اس پیش رفت کو وہ نہ صرف امریکا بلکہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کیلئے بھی ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہیں۔

