پاکستان کےایران میں نامزدسفیر عمران احمد صدیقی کا قم اور مشہد کا دورہ

تہران(پاکستانی سفارت خانہ تہران، سرکاری اعلامیہ)اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا آغاز مقدس شہروں قم اور مشہد کے دوروں سے کیا، جن کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان روحانی، علمی اور ثقافتی تعلقات کو مزید اجاگر کرنا تھا۔

مشہد کے دورے کے دوران انہوں نے امامِ جمعہ مشہد آیت اللہ سید احمد علم الہدیٰ اور آستانِ قدس رضوی کے نائب متولی مصطفیٰ فیضی سے ملاقات کی۔

ملاقاتوں میں نامزد پاکستانی سفیر نے ایرانی حکومت کی جانب سے پاکستانی زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور خدمات کو سراہا۔ فریقین نے ایران آنے والے پاکستانی زائرین کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے امکانات اور اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔عمران احمد صدیقی نےامام علی بن موسیٰ الرضاؑ کے مزارِ مبارک کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی۔