راولپنڈی( آئی ایس پی آر، رائٹرز، اے ایف پی)خیبر پختونخوا میں پاک افغان سرحد کے ساتھ دراندازی کی دو کوششیں ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 13 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع مہمند میں سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے خارجیوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا بروقت پتہ لگا کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں بھی پاک افغان سرحد پر دراندازی کی ایک اور کوشش کو ناکام بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے عناصر بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ خوارج سے تعلق رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئےاستعمال ہونے سے روکے جبکہ سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر خارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

