کراچی( آئی ایس پی آر)پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ بروقت اور مربوط ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب ڈوبنے والی کشتی میں سوار عملے کے تمام 20 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اورماڑہ کے مشرق میں کشتی ڈوبنے کی اطلاع جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کو موصول ہوئی، جس کے بعد پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور ضروری فضائی وسائل کو فوری طور پر امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام 20 پاکستانی عملہ بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ ریسکیو کیے گئے افراد کو ضروری طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیاب آپریشن پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے انسانی جانوں کے تحفظ کے عزم اور سمندری ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت مکمل تیاری کا مظہر ہے۔

