پروڈیوسر اور براڈکاسٹر سکھی کور کو منشیات اسمگلنگ پر ساڑھے پانچ سال قید

نیو ویسٹ منسٹر ( کینیڈین میڈیا، بی سی سپریم کورٹ ریکارڈز) پنجابی ریڈیو اور ٹی وی میزبان سکھویندر کور سنگھا کو سرے کے پیسیفک بارڈر کراسنگ سے بڑی مقدار میں میتھ ایمفیٹامین اسمگل کرنے کے جرم میں ساڑھے پانچ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق 47 سالہ سکھویندر کور سنگھا نے 18 اکتوبر 2021 کو امریکہ سے کینیڈا داخل ہوتے وقت اپنے کرائے کی گاڑی کے ٹرنک میں 108 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین چھپا رکھی تھی۔

کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) کے اہلکار نے جب ان کی گاڑی کو ثانوی تلاشی کیلئے روکا تو وہ موقع سے تیز رفتاری سے فرار ہو گئیں، تاہم اہلکاروں نے تعاقب کر کے انہیں گرفتار کر لیا اور گاڑی سے منشیات برآمد کر لی گئیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ منشیات ڈفیل بیگز میں چھپائی گئی تھیں اور ان کی مالیت 10 لاکھ سے 1 کروڑ ڈالر تک بتائی گئی ۔سنگھا پر ابتدائی طور پر غیر قانونی طور پر منشیات درآمد کرنے اور سمگلنگ کیلئے قبضے کے الزامات عائد کیے گئے تھے تاہم انہوں نے بعد ازاں ایک الزام میں جرم قبول کر لیا جبکہ دوسرا الزام واپس لے لیا گیا۔

سماعت کے دوران سکھویندر کور سنگھا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں دھمکی دی گئی تھی کہ اگر انہوں نے 150000 ڈالر ادا نہ کیے تو ان کے بیٹے کو نقصان پہنچایا جائیگا اور اسی دباؤ میں وہ اس جرم میں ملوث ہوئیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ایسے جرائم میں سخت سزا ضروری ہے تاکہ منظم جرائم پیشہ گروہوں کو یہ پیغام نہ جائے کہ وہ افراد کو استعمال کر سکتے ہیں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اگر ایسے افراد کو سزا نہ دی جائے تو یہ ایک خطرناک مثال قائم ہوگی۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ ملزمہ سکھویندر کور سنگھا کو اپنی سزا کو اصلاح اور بہتری کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔سکھویندر کور سنگھا جو برنابی میں رہائش پذیر ہیں اور گزشتہ ایک دہائی سے پنجابی میڈیا میں بطور پروڈیوسر اور براڈکاسٹر کام کر رہی تھیں اب قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔