پنجابی اخبار’’بلیکھا ‘‘کی 35ویں سالگرہ کی تقریبات، پلاک لاہور میں منعقدپنجابی اخبار’’بلیکھا ‘‘ کی 35 سالہ اشاعت کی تقریبات لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) میں منعقد ہوئیں۔ ان تقریبات کا مقصد پنجابی زبان، فن اور ثقافت کے فروغ میں اخبار کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔
تقریبات میں مشہور فنکاروں نے شاندار لوک گیت پیش کیے، جن میں بھارت کے پومی سنگھ، پاکستان کے عارف لوہار اور بہو گروپ شامل تھے۔ ان کی پرفارمنس نے پروگرام کو مزید رنگین بنا دیا۔
بھارت سے آئے ایک وفد نے بھی ان تقریبات میںخصوصی طورپر شرکت کی، جو سرحد کے دونوں جانب پنجاب کے مشترکہ ثقافتی ورثے کو نمایاں کرتا ہے۔ پلاک کی ڈائریکٹر بینش فاطمہ، معروف پنجابی شاعر بابا نجمی، افضل سہارن، راؤ ناصر اور طاہرہ سرا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پروفیسر کلیان سنگھ، مدثر بٹ، اور الیاس گھمن، جو’’بلیکھا ‘‘کے چیف ایڈیٹرز ہیں، نے بھارتی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔یہ تقریب’’بلیکھا ‘‘ کے پنجابی ثقافت کے فروغ اور کمیونٹیز کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاس تھی۔

