پہلے اسٹریٹجک ایکسپورٹس آفس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں:ایم پی سونیا سدھو

برامپٹن (نمائندہ خصوصی) رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے کینیڈین حکومت کی جانب سے ملک کے پہلے اسٹریٹجک ایکسپورٹس آفس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام کینیڈین کمپنیوں کو بڑے بین الاقوامی معاہدے حاصل کرنے اور تیزی سے ترقی کرتی عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد دے گا۔

اسٹریٹجک ایکسپورٹس آفس کے قیام کا اعلان وزیرِ بین الاقوامی تجارت منندر سدھو نے برامپٹن ساؤتھ میں واقع ایم ڈی اے اسپیس میں کیا۔ ایم ڈی اے اسپیس کینیڈین جدت اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں نمایاں ادارہ ہے اور برامپٹن کمیونٹی میں ایک اہم آجر بھی ہے۔

سونیا سدھو نے کہا کہ کینیڈین کمپنیاں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی تیار کررہی ہیں اور انہیں عالمی سطح کی معاونت بھی ملنی چاہیے۔ اسٹریٹجک ایکسپورٹس آفس کے قیام سے حکومت کینیڈین کاروباری اداروں، بالخصوص برامپٹن ساؤتھ کے کاروباری و صنعتی شعبے سے وابستہ اداروں کو عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔

گلوبل افیئرز کینیڈا کے تحت قائم کیا جانے والا یہ دفتر سفارتی، مالی اور تجارتی ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا تاکہ ایرو اسپیس، دفاع، انفراسٹرکچر اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں کام کرنے والی کینیڈین کمپنیوں کی معاونت کی جاسکے۔

یہ دفتر تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، حکومتی معاونت کو مربوط بنانے اور کینیڈین کاروباری اداروں کے لیے دنیا بھر کی نئی منڈیوں کے دروازے کھولنے میں کردار ادا کرے گا۔

سونیا سدھو نے کہا کہ حکومت نے 2025ء کے بجٹ میں اس دفتر کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد کینیڈا کی تجارت کو متنوع بنانا اور امریکی منڈی پر انحصار کم کرنا ہے۔ حکومت نے آئندہ ایک دہائی کے دوران امریکا کے علاوہ دیگر ممالک کو کینیڈین برآمدات دگنی کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیا دفتر حکومتی سطح پر معاہدے طے کرانے والے ادارے کے طور پر کام کرے گا اور کینیڈین کمپنیوں کو پیچیدہ بین الاقوامی منڈیوں میں کاروباری مواقع تلاش کرنے اور بڑے معاہدے حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

سونیا سدھو کے مطابق گزشتہ برس کینیڈا نے کینیڈین کاروباری اداروں کو 28 ارب ڈالر سے زائد کے بین الاقوامی کاروباری معاہدے حاصل کرنے میں معاونت فراہم کی، جبکہ نیا دفتر اس کامیابی کو مزید وسعت دینے کے لیے کام کرے گا۔

رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو نے ایم ڈی اے اسپیس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیک گرینلی اور ان کی ٹیم کا اعلان کی تقریب کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے اسپیس کینیڈین جدت کی طاقت کی بہترین مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرو اسپیس اور دفاع کے شعبوں میں ایم ڈی اے اسپیس کی قیادت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ کینیڈا کو اپنی کمپنیوں کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے لیے مسلسل معاونت فراہم کرنی چاہیے۔

اسٹریٹجک ایکسپورٹس آفس نے فوری طور پر کام شروع کردیا ہے اور یہ صنعتی شراکت داروں، وفاقی محکموں اور دنیا بھر میں کینیڈا کے سفارتی مشنز کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔