پیرس میں عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

پیرس (نمائندہ خصوصی) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرہ پیرس کے معروف پلاس ریپبلک میں ہوا، جس میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں، پی ٹی آئی کارکنان، رہنماؤں اور بانیٔ پی ٹی آئی کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے بانیٔ پی ٹی آئی کے حق میں اور موجودہ حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور انہیں بنیادی انسانی و قانونی حقوق سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کی صورت حال کا فوری نوٹس لیں اور بانیٔ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مقررین کے مطابق بانیٔ پی ٹی آئی کو طویل عرصے سے اہل خانہ، وکلا اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ہر قیدی کو آئین اور قانون کے تحت حاصل بنیادی حقوق کی مکمل پاسداری ہونی چاہیے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیے گئے تمام افراد کو فوری طور پر ان کے قانونی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں اور انہیں شفاف و منصفانہ قانونی کارروائی کا حق دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کے خلاف جرم ثابت نہیں ہوا، انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی فرانس کے رہنماؤں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بانیٔ پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی قیدیوں کے معاملے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے اور اس وقت تک اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے جب تک پاکستان میں قانون، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کی مکمل بحالی نہیں ہوتی۔

احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے بانیٔ پی ٹی آئی کی فوری رہائی، تمام سیاسی قیدیوں کے بنیادی حقوق کی بحالی اور پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی کے حق میں نعرے بلند کیے۔