پیشگی شرائط منظور ہوں تو امریکی حکام سے مذاکرات ہونگے:ایرانی میڈیا

اسلام آباد ( ایرانی میڈیا)ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد آنے والا ایرانی وفد آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریگا جبکہ اگر ایرانی وفد کی پیشگی شرائط منظور کرلی گئیں تو دوپہر کے وقت امریکی حکام سے بھی مذاکرات متوقع ہیں۔

رپورٹس کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی سیاسی کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے شامل ہیں، اقتصادی کمیٹی کی قیادت مرکزی بینک کے صدر عبدالناصر ہمتی کر رہے ہیں، ملٹری کمیٹی کے سربراہ ایڈمرل احمدیان ہیں جبکہ قانونی کمیٹی کی سربراہی اسماعیل بقائی کے پاس ہے۔

تقریباً 70 رکنی اس وفد میں مرکزی مذاکرات کاروں کے علاوہ 26 رکنی ٹیکنیکل اور خصوصی کمیٹیاں بھی شامل ہیں، جو معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی امور پر فوری مشاورت فراہم کریں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ وفد کے ہمراہ 23 رکنی میڈیا ٹیم بھی موجود ہے، جبکہ پروٹوکول، رابطہ کار، مترجمین اور سیکیورٹی عملہ بھی اس وفد کا حصہ ہے۔