ماسکو/انقرہ ( کریملن)ولادیمیر پیوٹن اور رجب طیب اردگان کے درمیان ترکیہ کی پہل پر ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خلیج فارس میں جاری فوجی و سیاسی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خلیج فارس میں جنگی کارروائیوں کے عالمی توانائی، تجارت اور لاجسٹکس شعبوں پر ممکنہ سنگین اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق صدر ولادیمیر پیوٹن اور صدر اردگان نے خطے میں فوری جنگ بندی اور علاقائی مفادات کے مطابق امن معاہدوں کی حمایت پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان یوکرین کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، اس موقع پر صدرولادیمیر پیوٹن نے ترکیہ کی جانب سے مذاکرات میں ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔
کریملن کے مطابق کیف حکومت کی جانب سے روس-ترکیہ گیس پائپ لائن اور بحیرہ اسود میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ بحیرہ اسود میں جامع سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مربوط اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مزید برآں دونوں رہنماؤں نے روس اور ترکیہ کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور توانائی کے شعبے میں مشترکہ اسٹریٹجک منصوبوں پر عملدرآمد کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

