ماسکو/ریاض(ایجنسیاں)ولادیمیر پیوٹن اور محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ سنگین صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دونوں رہنماؤں نے خطے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوجی و سیاسی کشیدگی اور اہم اسٹریٹجک تنصیبات کی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ جاری کشیدگی کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے، جس کیلئے سیاسی اور سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا۔
رابطے میں مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث عالمی توانائی کی سیکیورٹی کو درپیش خطرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے استحکام کیلئے اوپیک پلس کے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔روسی صدر اور سعودی ولی عہد نے تیل کی پیداوار اور ترسیل میں توازن برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، اور شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

