نیویارک (خبر ایجنسیاں) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے مشترکہ خلائی مشن نے دونوں ممالک کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کی چین کے خلائی اسٹیشن پر آمد کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان اور چین کے سفیروں نے بدھ 25 نومبر کو چین کے خلائی جہاز ’’شین ژو 24‘‘ کی کامیاب روانگی کے بعد ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ اس مشن کے ذریعے پاکستانی فضائیہ کے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔
چینی مندوب فو کونگ نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلاباز کا تعلق برادر ملک پاکستان سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مشن دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ دوستی اور تعاون کی ایک اور اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن نے دونوں ملکوں کی دوستی کو حقیقتاً نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی بالخصوص ملک کے نوجوانوں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے مستقبل کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مشترکہ خلائی مشن سے خلائی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ مواقع کے نئے راستے کھلیں گے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بھی چین اور پاکستان کے مشترکہ خلائی مشن کا خیرمقدم کیا۔ نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بیرونی خلا کے پُرامن استعمال اور اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے اس مشن کو ترقی پذیر ممالک کے درمیان خلائی تعاون کی ایک مثال قرار دیا۔
چین کے خلائی جہاز شین ژو 24 نے 25 نومبر کو شمال مغربی چین کے جیوکوان خلائی مرکز سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے پرواز کی تھی۔ اس میں دو چینی خلاباز تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی بھی سوار تھے۔ تقریباً 6 گھنٹے بعد تینوں خلاباز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے، جہاں پہلے سے موجود تین چینی خلابازوں نے ان کا استقبال کیا۔
40 سالہ ذیشان علی اس مشن میں سائنسی آلات اور تجربات کے ماہر کی حیثیت سے شامل ہیں۔ وہ خلائی اسٹیشن پر 5 سے 10 روز قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے، جن میں ایسے مواد پر تحقیق بھی شامل ہے جو خلائی جہازوں میں پڑنے والی معمولی دراڑوں کی خود مرمت کرسکتے ہیں۔ اس مشن کے دوران مجموعی طور پر 90 سے زائد سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں کی جائیں گی۔
پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان فروری 2025ء میں خلابازوں کی تربیت اور مشترکہ خلائی پرواز سے متعلق معاہدہ طے پایا تھا۔ ذیشان علی نے چین میں سات ماہ تربیت حاصل کی، جس میں چینی زبان کی تعلیم بھی شامل تھی۔
پاکستانی خلاباز نے خلائی مرکز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشن اختتام نہیں بلکہ ایک طویل سفر کا آغاز ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ خلائی پروازوں کا سلسلہ بڑھے گا اور تعاون چاند، مریخ اور اس سے آگے تک پھیل سکے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس کامیابی کو پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی کا ثبوت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک خلاباز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں، بالخصوص نوجوان نسل اور سائنسی برادری کے خوابوں اور امنگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

