ڈاسن کریک کے 3 شہریوں کو 2022 کے ریچھ حملے میں بہادری پر اعزازات

ڈاسن کریک(سی بی سی نیوز، گورنر جنرل آفس)برٹش کولمبیا کے شہر ڈاسن کریک کے تین شہریوں کو 2022 میں ایک خطرناک بلیک بیئر حملے کے دوران جان خطرے میں ڈال کر اپنی دوست اور اس کی والدہ کو بچانے پر کینیڈا کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

لیوسٹ کینوی ہینسن کو “اسٹار آف کریج” جبکہ ان کی بھانجی وینالی کینوی اور ایڈرین بارٹولومے کو “میڈل آف بریوری” دیا گیا۔واقعہ 3 اکتوبر 2022 کو بیئر ماؤنٹین اسکی ٹریلز پر اس وقت پیش آیا جب ایک ریچھ نے اچانک خاتون انالین بارٹولومے پر حملہ کر دیا۔

ہینسن نے بتایا کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اپنی دوست کو بچانے کیلئےخود کو ڈھال بنایا، جبکہ باقی افراد نے لاٹھیوں اور لکڑیوں سے ریچھ کا مقابلہ کیا اور مدد کیلئےدوڑے۔حکام کے مطابق متاثرہ افراد کو شدید زخمی حالت میں ایڈمنٹن اور وینکوور کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج اور سرجری کی گئی جبکہ ریچھ کو بعد میں مار دیا گیا۔

میئر ڈارسی ڈوبر نے تینوں افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری قابلِ فخر ہے اور یہ رویہ معاشرے کیلئےمثال ہے۔ہینسن نے کہا کہ وہ اب بھی اس واقعے کے اثرات محسوس کرتی ہیں، تاہم وہ دوبارہ قدرتی ماحول میں وقت گزارتی ہیں اور لوگوں کو خبردار کرتی ہیں کہ جنگلی علاقوں میں ہمیشہ احتیاط اور بیئر اسپرے ساتھ رکھیں۔