ڈھاکا:طالبہ کی پراسرار ہلاکت، استاد اور ساتھی طالب علم سے تفتیش

ڈھاکا(بنگلہ دیشی میڈیا)بنگلہ دیش میں ڈھاکہ یونیورسٹی کی ایک طالبہ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی، پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو ممکنہ خودکشی قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت منیرہ ماہ جبین کے نام سے ہوئی ہے، جو یونیورسٹی کے شعبہ تھیٹر اینڈ پرفارمنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی طالبہ تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ طالبہ کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی جسے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈھاکا میڈیکل کالج کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک استاد اور ایک ساتھی طالب علم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔

شعبے کی چیئرپرسن قاضی تمنا حق کے مطابق انہیں صبح تقریباً ساڑھے سات سے آٹھ بجے کے درمیان طالبہ کی موت کی اطلاع ملی، جس کے بعد اساتذہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ ایسے شواہد سامنے آئے ہیں جن سے طالبہ کے ایک استاد کے ساتھ تعلق کا عندیہ ملتا ہے۔

پولیس کے مطابق اہل خانہ نے بھی مذکورہ استاد کے ساتھ تعلق کے شبے کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔