کراچی(بیورورپورٹ)کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں جائیداد کے تنازع پر بیٹے نے مبینہ طور پر اپنے دوست کو 15 ہزار روپے اور ایک آئی فون کا لالچ دے کر اپنے والد کو قتل کروا دیا۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے اور اس کے دوست کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 23 جون کو تھانہ ابراہیم حیدری کی حدود لیبر کالونی میں پیش آیا تھا، جہاں 52 سالہ محمد اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ملزمان نے واردات کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ معلومات کی مدد سے اندھے قتل کی یہ واردات چند روز میں حل کر لی گئی۔ تحقیقات کے دوران مقتول کے بیٹے اعجاز اور اس کے دوست شیراز کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم اعجاز نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ والد کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا، جس کے باعث اس نے اپنے دوست کو 15 ہزار روپے اور ایک آئی فون دینے کا وعدہ کیا، جس کے بعد اس نے محمد اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

