کراچی (خبر ایجنسیاں) کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر چھ منزلہ عمارت گرنے کے واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں دوسرے روز بھی جاری رہیں، ملبے تلے دبے 17 افراد تاحال لاپتا ہیں، جبکہ اب تک 3 لاشیں اور 14 زخمیوں کو نکالا جاچکا ہے۔ لاپتا افراد کے اہل خانہ نے امدادی کارروائیوں میں تاخیر کے خلاف شاہراہِ فیصل پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کردی۔
واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب 600 مربع گز کے پلاٹ پر زیرِ تعمیر عمارت اس وقت منہدم ہوگئی جب وہاں بورنگ کا کام جاری تھا۔ عمارت میں 20 سے زائد مزدور اور دیگر افراد کام کررہے تھے۔ عمارت کے ملبے سے بھاری کنکریٹ کے ٹکڑے، ٹوٹی ہوئی دیواریں اور تعمیراتی سامان سڑک اور اطراف میں پھیل گیا۔ امدادی ٹیموں نے متعدد گاڑیوں اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 3 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا۔ لاپتا افراد کے اہل خانہ نے حکام کو 17 افراد کی گمشدگی کی اطلاع دی ہے۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے کے اندر بھی تلاش کا کام کررہی ہیں، جبکہ ایک اور لاش دکھائی دینے کی اطلاع پر اسے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ امدادی کارروائی کے دوران بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایک اہلکار بھی کنکریٹ کا ٹکڑا ٹانگ پر لگنے سے زخمی ہوگیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ عمارت کی تعمیر کے لیے صرف گراؤنڈ پلس ایک منزل کی منظوری دی گئی تھی، تاہم مبینہ طور پر منظور شدہ نقشے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چھ منزلیں تعمیر کرلی گئیں۔ عمارت کے مالک نے تعمیر روکنے کے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اقدام کے خلاف عدالت سے حکمِ امتناع حاصل کرلیا تھا، جس کے بعد تعمیراتی کام جاری رہا۔ حکام کے مطابق عمارت گرنے کی حتمی وجہ ماہرین کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔
مشرقی ضلع کے پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد ٹھیکیدار اور عمارت کے مالک کے اہل خانہ سمیت 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی کے ترجمان کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کے مختلف بلاکس میں زیرِ تعمیر 12 عمارتوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے سندھ کے محکمہ بلدیات کے سیکریٹری اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد کو عہدوں سے ہٹانے، ان کی خدمات وفاقی حکومت کو واپس کرنے اور ان کے خلاف انکوائری کی سفارش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی زبیر شیخ کو بھی مبینہ غفلت پر عہدوں سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 16 افسران کی معطلی اور ان کے خلاف تحقیقات کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے معمار اور ساختیاتی انجینئر کو بھی تحقیقات میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت یا غفلت کے بغیر اس پیمانے پر تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزی ممکن نہیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ادھر ملبے تلے دبے افراد کے اہل خانہ نے امدادی کارروائیوں کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شاہراہِ فیصل پر بلوچ کالونی کے قریب احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تلاش اور امداد کا کام تیز کیا جائے اور ان کے پیاروں کو جلد ملبے سے نکالا جائے۔ سڑک بند ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

