کشمور ہو یا کشمیر، کوئی اپنے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دے گا: بلاول

میرپور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر، میرپور ہو یا میرپور خاص، کوئی اپنے حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیگا۔ جس طرح گزشتہ انتخابات میں کشمور اور کشمیر کے عوام نے (ن) کو مسترد کیا، آئندہ انتخابات میں بھی یہی فیصلہ دہرایا جائے گا۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ موجودہ بحران اور کشیدگی کے تناظر میں ٹرتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن قائم کیا جائے، جہاں ہر سچ سامنے آئے، ہر شکایت سنی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس تجویز کا تاحال کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والی بسیں کسی کا تحفہ نہیں بلکہ عوام کا حق ہیں۔ پیپلز پارٹی نے صرف وعدے نہیں کیے بلکہ عملی طور پر کام بھی کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرپور کے عوام نے منگلا ڈیم کے لیے اپنی زمینیں اور گھر قربان کیے، جبکہ اوورسیز کشمیریوں نے اپنی محنت اور ترسیلاتِ زر سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میرپور پر کوئی احسان نہیں کر رہا بلکہ یہ میرپور کا قرض ہے اور کشمیری عوام کو حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار سمیت تمام بنیادی حقوق ملنے چاہییں۔