کنگ ٹریول کا شاندار حج سیمینار، عازمینِ حج کو مکمل رہنمائی فراہم کی گئیں

مسّی ساگا (نمائندہ خصوصی)کمیونٹی میں طویل عرصے سے حج و عمرہ کی معیاری خدمات کے حوالے سے معروف ٹریول ایجنسی کنگ ٹریول کےروح رواں ملک مشتاق نےبتایاکہ ہم نے اپنے روایتی انداز کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال عازمینِ حج کیلئے ایک معلوماتی اور روح پرور سیمینار کا انعقاد کیاہے، جس میں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز شیخ عبداللہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جبکہ نعتِ رسول ﷺ بھی پیش کی گئی۔ نظامت کے فرائض ہفت روزہ اردو پوسٹ کے ایڈیٹر سید توصیف نے انجام دیے، جنہوں نے امام سید ندیم کا تعارف کرایا۔

امام سید ندیم نے حج کے ارکان، فرائض اور واجبات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عازمین کو مکمل رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے ارکانِ حج میں احرام، وقوفِ عرفات اور طوافِ زیارت کو بنیادی قرار دیا، جبکہ فرائض اور واجبات کی ادائیگی کے بارے میں بھی آگاہی دی۔انہوں نے احرام کی حالت میں احتیاطوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خوشبو کا استعمال، بال یا ناخن کاٹنا اور جھگڑا یا بدکلامی سے اجتناب ضروری ہے۔

کینیڈاکی قونصل آف امام کے شیخ علاء السید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عازمینِ حج اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور انہیں اس مقدس سفر میں صرف عبادت پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے خصوصی دعا بھی کروائی۔

پاکستان سے ویڈیو خطاب میں ال رحلاگروپ کےمحمد انور قریشی نے حج انتظامات کو مکمل اور بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔خواتین رہنمائی کیلئےکاشفہ نے یقین دہانی کروائی جبکہ شاہین اقبال نے ایئرلائن، ویزا اور سفری انتظامات پر تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔

ملک مشتاق نے بتایا کہ مکہ اور مدینہ میں حرم کے قریب فائیو اسٹار ہوٹل، کھانے، زیارات، ریاض الجنہ کی اپائنٹمنٹ اور منیٰ میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی گزشتہ 25 سال سے حج و عمرہ کی خدمات انجام دے رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں حویلی ریسٹورنٹ میں عشائیہ دیا گیا۔ شرکاء نے اس سیمینار کو انتہائی معلوماتی اور رہنمائی پر مبنی قرار دیا۔کنگ ٹریول کے نمائندے جاوید احمد نے بتایا کہ کمپنی مسّی ساگا میں ڈکسی اور ایگلنٹن کے سنگم پر واقع ہے اور دنیا بھر کے صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔