کولوراڈو، بھوکے ریچھ کا کسانوں کی مارکیٹ پر دھاوا، پیسٹریاں کھا کر درخت پر چڑھ گیا

کولوراڈو (خبر ایجنسیاں) امریکی ریاست کولوراڈو میں بھوکے ریچھ نے کسانوں کی ہفتہ وار مارکیٹ میں گھس کر بیکری کے اسٹال سے تازہ پیسٹریاں اور دیگر اشیا کھالیں، جس کے بعد وہ قریب ہی ایک درخت پر چڑھ گیا۔

واقعے کی ویڈیو وہاں موجود افراد نے بنائی، جب ریچھ ہفتہ وار ایسپن سیٹر ڈے مارکیٹ میں دکانیں لگنے کے دوران پہنچا اور لوئس سوئس کے اسٹال سے پکی ہوئی اشیا اٹھا کر کھانے لگا۔

کولوراڈو پارکس اینڈ وائلڈ لائف کے ترجمان جوائے لیونگسٹن کے مطابق ایسپن پولیس نے ریچھ کو ڈرانے اور مارکیٹ سے دور کرنے کی کوشش کی، جبکہ محکمہ جنگلی حیات کا ایک افسر بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا۔

ترجمان کے مطابق ریچھ قریب ہی ایک درخت پر چڑھ گیا اور بعد ازاں اپنی مرضی سے وہاں سے چلا گیا۔

حکام کے مطابق رواں سال شدید خشک سالی کے باعث ریچھوں اور انسانوں کے درمیان مڈبھیڑ کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، کیونکہ قدرتی خوراک کے ذرائع میں کمی واقع ہوئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی آمد سے قبل ریچھ زیادہ سرگرم ہوجاتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے جسم میں زیادہ سے زیادہ چربی جمع کرنے کیلئے خوراک کی تلاش میں رہتے ہیں، تاکہ موسم سرما کے دوران طویل عرصے تک کم خوراک یا بغیر خوراک کے رہ سکیں۔