کویت سٹی (خبر ایجنسیاں) کویت میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے والے ایرانی ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 اطالوی شہری ہلاک جبکہ ایک پاکستانی اور ایک کویتی شہری زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے دونوں اطالوی شہری دفاعی نظام کی دیکھ بھال پر مامور تکنیکی ماہرین تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور الجزیرہ کے مطابق کویتی وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ جمعرات کو کویتی فضائی حدود میں متعدد ڈرونز کی موجودگی کا پتا چلا، جنہیں روکنے کے لیے کارروائی کی گئی۔ اس دوران ڈرونز کا ملبہ ایک اہم تنصیب پر گرا، جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں 2 اطالوی، ایک پاکستانی شہری اور کویتی فوج کا ایک افسر شامل تھا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم بعد ازاں دونوں اطالوی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حملے میں تنصیب کو بھی نقصان پہنچا۔
اٹلی کی وزارت خارجہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں شہری جرمن دفاعی کمپنی رائن میٹل کے اطالوی ذیلی ادارے کے لیے کام کرتے تھے اور کویتی مسلح افواج کے فضائی دفاعی نظام اسکائی گارڈ کے نگرانی اور کھوج لگانے والے آلات کی دیکھ بھال پر مامور تھے۔
اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے دونوں شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے واقعے پر ایرانی سفارت خانے سے باضابطہ احتجاج کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے کویت پر حملے میں ایرانی ملوث ہونے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی افواج نے خطے میں کوئی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی واقعے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاکہ ڈرونز کی اصل جائے پیدائش اور ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

