کویت میں پانی پلانٹ پر حملہ اسرائیل نے کیا:ایران

کویت/تہران (ایجنسیاں)ایران نے کویت میں ڈی سیلینیشن پلانٹ پر حالیہ حملے کا الزام اسرائیل پر لگادیا ہے۔ایرانی فوج کی آپریشنل کمانڈ ختم الانبیا کے بیان میں کہا گیا کہ کویت میں ڈی سیلینیشن پلانٹ پر حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل نے حالیہ حملہ ایران پر الزام عائد کرنے کے بہانے کے طور پر کیا، جو اسرائیلی حکومت کی وحشیانہ جارحیت اور صہیونی غاصبوں کی پستی کی عکاسی کرتا ہے۔

قبل ازیں رپورٹ موصول ہوئی تھی کہ ایران کے کویت پر حملے میں پلانٹ کو شدید نقصان پہنچا اور ایک بھارتی مزدور ہلاک ہوگیا۔کویت کی وزارت بجلی نے اپنے بیان میں کہا کہ سروس بلڈنگ پر ایرانی جارحیت کے نتیجے میں بھاری نقصان ہوا اور فوری تکنیکی و ہنگامی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاکہ نقصان کا ازالہ اور پلانٹ کی نارمل سرگرمیاں بحال رکھی جا سکیں۔