سیکرامنٹو (اناطولیہ نیوز ایجنسی، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔گورنر کیلیفورنیا گیون نیوزوم نے اسمبلی بل 2017 پر دستخط کرکے اسے قانون کا حصہ بنا دیا، جس کے تحت دونوں اسلامی تہواروں کو ریاستی قانون میں باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
نئے قانون کے تحت ریاستی ملازمین عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر دستیاب رخصتی یا ذاتی تعطیلات کے کریڈٹ کو استعمال کرسکیں گے۔ سرکاری اسکولوں اور کمیونٹی کالجوں کو بھی مقامی سطح پر طے شدہ معاہدوں کے تحت عید کے موقع پر بند کرنے کی اجازت ہوگی۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے کیلیفورنیا چیپٹر نے قانون کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق قانون کی منظوری سے کیلیفورنیا میں مقیم مسلمانوں کو عید کی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لیے سہولت ملے گی۔
واضح رہے کہ اسمبلی بل 2017 کو سان فرانسسکو سے تعلق رکھنے والے اسمبلی رکن میٹ ہینی نے پیش کیا تھا۔ قانون سازی کے عمل کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ کیلیفورنیا ملک کی سب سے بڑی اور متحرک مسلم برادریوں میں سے ایک کا گھر ہے اور ان کی روایات احترام کی حق دار ہیں۔
کیلیفورنیا میں عید کی تعطیلات کو ریاستی قانون میں شامل کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب واشنگٹن ریاست بھی 2025 میں عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کو ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کرچکی ہے۔

