ٹورنٹو (کینیڈین پریس) کینیڈا کے پہلے قومی سرمایہ کاری سربراہی اجلاس کے پہلے روز اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے متعدد اعلانات کیے گئے، جبکہ وفاقی حکومت نے بڑے سرمایہ کاروں کیلئے ٹیکس پالیسی میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم مارک کارنی نے آئندہ پانچ برس کے دوران کینیڈا میں ایک کھرب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اجلاس میں سیکڑوں کاروباری سربراہان اور عالمی اثاثہ منتظمین شریک ہیں۔
وفاقی حکومت نے اعلان کیا کہ کینیڈا کی معیشت میں ایک ارب ڈالر یا اس سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو کینیڈا ریونیو ایجنسی کے ایک ایسے پروگرام میں ترجیحی رسائی دی جائے گی، جس کے تحت ٹیکس سے متعلق فیصلے پہلے سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
اس پروگرام کے ذریعے اہل سرمایہ کار سرمایہ لگانے سے قبل یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ان کی سرمایہ کاری پر آمدنی ٹیکس کے قوانین کس طرح لاگو ہوں گے۔

