کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کی محبت زندگی کا قیمتی سرمایہ ہے:حاجی محمد جمیل

’ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز انکارپوریٹڈ‘ کے چیف ایگزیکٹو رانا محمد تنویر کی جانب سے منعقدہ عشائیے کے شرکاء سے
خطاب میں پاکستان اور کینیڈا کے مابین کاروباری مواقعوں کو فروغ دینے میں ہر ممکن تعاون کے عزم کا اعادہ

عشائیے کےشرکاء کا کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے حاجی محمد جمیل کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین

جنگ کینیڈا بزنس کے فروغ، کمیونٹی کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرتا رہے گا
حاجی جمیل جیسی شخصیات پوری کمیونٹی کیلئے باعث فخر ہیں: چیف ایڈیٹر اشرف خان لودھی کا خصوصی پیغام

کینیڈا اور پاکستان کے مابین بزنس اور سماجی شعبے کے تعاون میں نئے باب کا اضافہ، کینیڈا کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت حاجی محمد جمیل کے اعزاز میں ’ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز انکارپوریٹڈ‘ کے چیف ایگزیکٹو رانا محمد تنویر کی جانب سے پروقار عشائیے کا اہتمام، تقریب میں کینیڈا اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے اہم افراد، صحافیوں اور ثقافتی شخصیات کی شرکت نے اسے شہر کی بڑی تقریب میں تبدیل کر دیا جہاں حالات حاضرہ سمیت کینیڈا اور پاکستان کے مابین بزنس کو فروغ دینے کیلئے مفید تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء نے کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے حاجی محمد جمیل کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ انہیں کینیڈا میں پاکستان کا اثاثہ قرار دیا۔

​تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمد تنویر نے کہا کہ کینیڈا میں تجارت اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ کینیڈین حکومت دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ اپنے کاروباری روابط بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور حکومتی و عوامی سطح پر رابطوں کو موثر بنا کر دوطرفہ فوائد حاصل کرنے چاہئیں، اس مقصد کے لیے ‘ورلڈ ٹریڈ ڈویلپرز’ اپنے پلیٹ فارم سے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

​اس موقع پر حاجی محمد جمیل کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے دلوں میں میری محبت، عزت و احترام زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے، ہم پاکستانیوں کو کینیڈا میں خوش آمدید کہتے ہیں اور ہر ممکن حد تک ان کی رہنمائی اور تعاون کرتے ہیں، دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنا کر مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اس حوالہ سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔

​عشائیے میں کینیڈا سے آئی ہوئی ممتاز کاروباری شخصیت ڈاکٹر وقار احمد، ملک سہیل، حبیب فاروقی، درسلمی،سینئر صحافی، اینکر پرسن و کالم نگار میاں حبیب اللہ، ملک منظور، راؤ امجد اقبال، سپورٹس جرنلسٹ عقیل احمد، چوہدری محمد اشرف، بیوروچیف جنگ کینیڈا محمد بابر، معروف قوال بختیار سنتو، گلوکارہ عکاشہ گل، ‘رضا برادرز فوڈ’ کے سی ای او عمر رضا بھٹی، سردار ظہیر عباس گل، ارسلان چوہدری، اور راؤ انتظار انجم سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف ایڈیٹر جنگ کینیڈا اشرف خان لودھی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین بزنس کے فروغ اور کمیونٹی کی بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،۔حاجی جمیل جیسی شخصیات پوری کمیونٹی کیلئے باعث فخر ہیں۔ ​تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی تواضع پاکستان کے روایتی کھانوں سے کی گئی۔