رہبرِ معظّم نے مذاکرات کیلئے اختیارات دیے ہیں:مسعود پزشکیان

تہران (عالمی ذرائع ابلاغ) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے حکومت کو امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے اختیارات دے دیے ہیں اور ایران تنازعات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

گورنروں اور بڑے شہروں کے میئرز سے ملاقات کے دوران مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے رہبرِ اعلیٰ نے حکومت کو بعض اختیارات بھی دیے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان اختیارات کی نوعیت یا تفصیلات بیان نہیں کیں۔

ایرانی صدر نے واضح کیا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں اور فوجی کارروائیوں کے ذریعے ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دشمن کے جھوٹے بیانیے اور غیر ضروری مطالبات کے سامنے نہیں جھکے گا۔

انہوں نے عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا ساتھ ضروری ہے اور دشمن کے عزائم کو عوامی حمایت سے ناکام بنایا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی حکام کے مطابق امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ ثالثوں کے ذریعے جاری ہے۔ قطر اس سفارتی رابطے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات بدستور موجود ہیں۔ ایرانی حکام نے آبنائے ہرمز سے متعلق اپنے مطالبات کو مذاکرات کی پیش رفت سے بھی جوڑ رکھا ہے۔