امریکی خلا بازوں نے خلا سے وسط مدتی انتخابات میں ووٹ ڈال دیا

واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں تین امریکی خلا بازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک ووٹ کاسٹ کیا۔

خلا باز لیوک، انیل اور جیسیکا نے خلائی اسٹیشن سے الیکٹرانک بیلٹ مکمل کرکے ہیوسٹن میں واقع ناسا کے جانسن خلائی مرکز کو ارسال کیے۔ناسا کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنے کا حق خلا سے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، جن میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر انتخابی مقابلہ ہورہا ہے، جبکہ 36 ریاستوں میں گورنروں کا انتخاب بھی کیا جارہا ہے۔