ڈسکہ میں مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے
پولیس نے مرکزی ملزم سمیت 53 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا، 6 ملزمان پہلے ہی گرفتار
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان کے معروف ٹک ٹاکر محمد انصر جٹ المعروف مسٹر پٹلو کو اسلام آباد سے گرفتار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے انہیں اسلام آباد کے علاقے گلبرگ میں کارروائی کے دوران حراست میں لیا۔
مسٹر پٹلو کی گرفتاری کی اطلاعات سیالکوٹ کے علاقے ڈسکہ میں ان کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ کے افسوس ناک واقعے کے بعد سامنے آئی ہیں، جس میں 2 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے تھے۔
واقعہ 30 اکتوبر کی شب ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس گراؤنڈ میں پیش آیا، جہاں مہندی کی تقریب اور انعامات کی تقسیم کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے۔ تقریب میں گاڑی، 50 موٹر سائیکلوں اور نقد انعامات کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد وہاں پہنچے۔
پولیس کے مطابق گراؤنڈ کے دروازے کھولے جانے کے بعد لاؤڈ اسپیکر پر تمام افراد کو بیک وقت اندر داخل ہونے کی ہدایت کی گئی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی اور متعدد افراد ہجوم تلے دب کر زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں پہلے محمد عقیل جاں بحق ہوئے، جبکہ بعد ازاں شدید زخمی محمد ریحان نے بھی اسپتال میں دم توڑ دیا۔ واقعے میں مجموعی طور پر 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے محمد انصر جٹ المعروف مسٹر پٹلو، ان کے بھائی کاشف بشیر، گراؤنڈ کے مالک شاہد جاوید اور دیگر منتظمین سمیت 53 افراد کو نامزد کیا ، جن میں 45 نجی سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔
سیالکوٹ پولیس کے مطابق واقعے کے سلسلے میں 6 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باقی نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے انعامات کیلئے رکھی گئی 50 موٹر سائیکلیں اور ایک گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تقریب کیلئے محفلِ سماع اور قوالی کی اجازت حاصل کی گئی تھی، تاہم اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنر نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تقریب کے منتظمین نے حفاظتی انتظامات اور مقررہ ضابطوں پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔

