کینیڈا: 2027ء میں مستقل رہائش کے منصوبے میں صوبوں کو 1 لاکھ افراد نامزد کرنے کا اختیار

اوٹاوا (سی بی سی) کینیڈا کی وزیر امیگریشن لینا دیاب نے حکومت کے 2027ء کے مستقل رہائش منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ عارضی کارکنوں کو مستقل رہائش دینے کے لیے مختص ایک لاکھ نشستوں کا استعمال صوبوں اور علاقوں کی صوابدید پر ہوگا، اگر وہ ان نشستوں کو استعمال نہیں کریں گے تو یہ خالی رہیں گی۔

لینا دیاب کے مطابق حکومت نے 2027ء میں ایک مرتبہ کے خصوصی اقدامات کے تحت 2 لاکھ 82 ہزار اضافی افراد کو مستقل رہائش دینے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ آئندہ تین برسوں کے لیے سالانہ 3 لاکھ 80 ہزار مستقل رہائشیوں کا ہدف برقرار رکھا گیا ہے۔

وزیر نے وضاحت کی کہ ان میں سے بیشتر افراد پہلے ہی کینیڈا میں مقیم ہیں اور انہیں عارضی رہائش سے مستقل رہائش میں منتقل کیا جائے گا۔ ان میں طویل عرصے سے مقیم عارضی کارکنوں کے علاوہ ہانگ کانگ اور یوکرین سے خصوصی پروگراموں کے تحت آنے والے تقریباً 50 ہزار افراد بھی شامل ہیں۔

منصوبے میں مستقل رہائشیوں کے اہل خانہ کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 45 ہزار نشستیں بھی مختص کی گئی ہیں۔ ان میں سے بعض افراد بیرون ملک سے کینیڈا آئیں گے۔

دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کی امیگریشن ناقد مشیل ریمپل گارنر نے منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مستقل رہائش دینے سے مکانات، روزگار، اسپتالوں اور دیگر عوامی سہولتوں پر دباؤ بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی آبادی میں اضافے کی رفتار صحت کے شعبے میں سہولتوں کی توسیع سے کہیں زیادہ رہی ہے۔

لینا دیاب نے جواب دیا کہ کینیڈا کی آبادی میں بزرگ شہریوں کا تناسب بڑھ رہا ہے اور معیشت کے لیے افرادی قوت برقرار رکھنے میں امیگریشن اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق امیگریشن کا مقصد کینیڈین کارکنوں کی جگہ لینا نہیں بلکہ ملکی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنا ہے۔

ادھر بلاک کیوبیکوا نے حکومت کا منصوبہ روکنے کے لیے کنزرویٹو تحریک کی حمایت کا اعلان کیا ہے، تاہم اس کی منظوری کے لیے حکمران لبرل پارٹی کے بعض ارکان کی حمایت بھی ضروری ہوگی۔