کیپ ٹاؤن(ایجنسیاں) کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ سونیا سدھو کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقا میں ہونے والی دولتِ مشترکہ کی 69ویں پارلیمانی کانفرنس میں کینیڈا کے سرکاری پارلیمانی وفد کی رکن کی حیثیت سے ملک کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
کانفرنس میں دولتِ مشترکہ کے مختلف ممالک کے ارکانِ پارلیمنٹ شرکت کر رہے ہیں، جہاں جمہوری اداروں کے استحکام، بہترین عملی طریقوں کے تبادلے اور دنیا بھر کی برادریوں کو درپیش مشترکہ چیلنجز کے حل پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
سونیا سدھو نے کہا کہ دولتِ مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس میں کینیڈا اور برامپٹن ساؤتھ کی نمائندگی کرنا ان کیلئے اعزاز ہے، مختلف ممالک کے ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ مل کر خیالات کا تبادلہ، جمہوری اداروں کو مضبوط اور ایسی حکمتِ عملیوں کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے جو برادریوں کیلئےفائدہ مند ہوں۔
سونیا سدھو اپنے پارلیمانی دور میں صحتِ عامہ، برادری سے رابطے، تنوع اور جامع پالیسی سازی کیلئے آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ کانفرنس میں ان کی شرکت سے انہیں کینیڈا کا مؤقف پیش کرنے، بین الاقوامی شراکت داروں کے تجربات سے سیکھنے اور مؤثر طرز حکمرانی و جمہوری قیادت سے متعلق مباحث میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔
کینیڈین پارلیمانی وفد کی کانفرنس میں شرکت جمہوریت، بین الاقوامی تعاون اور جامع طرز حکمرانی کے لیے کینیڈا کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ سونیا سدھو دیگر ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ روابط کے ذریعے دولتِ مشترکہ میں کینیڈا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور زیادہ مستحکم اور مضبوط اداروں کی تشکیل سے متعلق مباحث میں اپنا کردار ادا کریں گی۔

