ہری پور (نمائندہ خصوصی)ہری پور کے علاقے سرائے صالح کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر اور 2 کاروں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 نوجوان جاں بحق اور 2 افراد معمولی زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں گاڑیوں میں سوار افراد آپس میں دوست تھے اور ایبٹ آباد سے کھانا کھانے کے بعد ہری پور واپس آرہے تھے کہ سرائے صالح کے قریب ایک کار آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد دوسری کار بھی بے قابو ہوکر ٹینکر سے جا ٹکرائی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 23 سالہ عمر مہتاب، 28 سالہ شامیر جاوید، 19 سالہ سیف الرحمان اور 25 سالہ احسن شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ چاروں نوجوانوں کا تعلق ہری پور کے درویش محلہ کھجوراں والے سے تھا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہری پور کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ ایک ہی محلے کے 4 نوجوانوں کی اموات پر اہلِ علاقہ اور لواحقین غم سے نڈھال ہوگئے۔

