ہیمپٹن:بل کلنٹن کی 80ویں سالگرہ، اعجاز احمد کی میزبانی میں خصوصی تقریب

ہیمپٹن (نمائندہ خصوصی) سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی اعجاز احمد نے کی۔ تقریب میں سابق صدر بل کلنٹن، سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور ان کی صاحبزادی چیلسی کلنٹن کی عالمی صحت اور عوامی خدمت کیلئے خدمات کو سراہا گیا۔

اعجاز احمد نے کہا کہ 2016ء میں بھی صدر بل کلنٹن کی اپنے گھر پر میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا اور گزشتہ برسوں کے دوران ان کی توانائی، گرمجوشی اور لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی غیر معمولی صلاحیت ہمیشہ متاثر کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شام سب سے زیادہ متاثر کن بات صدر بل کلنٹن کی جانب سے کلنٹن گلوبل انیشی ایٹو اور عالمی صحت کے مختلف پروگراموں کے ذریعے جاری کام کے بارے میں سننا تھا۔

اعجاز احمد کے مطابق ترقی پذیر ممالک میں زندگی بچانے والی ایچ آئی وی ادویات کو انتہائی سستا اور قابلِ رسائی بنانے کیلئے بل کلنٹن کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، جبکہ ان کا یہ یقین بھی متاثر کن ہے کہ ہماری زندگی میں ایڈز کو صحتِ عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل کا سامنا کرنے کے باوجود صدر بل کلنٹن 80 سال کی عمر میں بھی دنیا بھر میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے پُرجوش، سرگرم اور پُرعزم ہیں، جو قابلِ تعریف ہے۔

اعجاز احمد نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ان سے کئی مرتبہ ملاقات کا موقع ملا ہے، خاتونِ اول، امریکی سینیٹر اور وزیر خارجہ کی حیثیت سے ہیلری کلنٹن کی طویل عوامی خدمت کا سفر غیر معمولی ہے۔

انہوں نے چیلسی کلنٹن کو بھی عالمی صحت، خصوصاً ویکسین اور دنیا بھر میں بچوں کے تحفظ کیلئے پُرجوش، باعلم اور پُرعزم قرار دیا۔

اعجاز احمد نے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی خاندان کے ساتھ یادگار شام تھی جو عوامی خدمت کیلئے خود کو وقف کیے ہوئے ہے۔انہوں نے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کو 80ویں سالگرہ پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کیلئے صحت، قوت اور مزید کئی برس تک بامقصد کام اور خدمت جاری رکھنے کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔