ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)ممتاز مکینیکل انجینئر، سماجی کارکن اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کے سابق طالب علم فدا ملہی نے ڈکسی الیکٹرانکس اینڈ اپلائنسز کے کارپوریٹ دفتر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی کے مالک اور یو ای ٹی لاہور کے سابق طالب علم سلیم چوہدری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں انجینئرنگ، پیشہ ورانہ ترقی، قیادت، نیٹ ورکنگ اور سماجی خدمت سمیت مختلف موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ یو ای ٹی لاہور کے سابق طلبہ کے درمیان باہمی روابط نہ صرف پیشہ ورانہ میدان میں معاون ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
فدا ملہی کی پیشہ ورانہ خدمات اور سماجی شعبے میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ وہ اپنی فنی مہارت، انکساری اور سماجی خدمت کے جذبے کے باعث نوجوان انجینئرز اور پیشہ ور افراد کیلئےقابلِ تقلید شخصیت ہیں۔
سلیم چوہدری نے کہا کہ یو ای ٹی لاہور کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایسے روابط پیشہ ورانہ ترقی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل میں بھی یو ای ٹی لاہور کے سابق طلبہ کے درمیان روابط، تعاون اور مشترکہ سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو بھی اس مضبوط روایت سے جوڑا جا سکے۔

