آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی کشتیوں کو تباہ کرنے کا حکم

واشنگٹن(امریکی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی ہر کشتی کو تباہ کر دیا جائے، اس معاملے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے امریکی بحریہ کو ہدایت کی کہ چھوٹی ہو یا بڑی ہر مشتبہ کشتی کو نشانہ بنایا جائے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ دشمن کے 159 بحری جہاز سمندر کی تہہ میں جا چکے ہیں جبکہ امریکی مائن سوئپرز آبنائے ہرمز کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے آبنائے ہرمز میں کارروائیاں تین گنا بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی تاخیر یا نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے رہنما کے تعین میں مشکلات کا سامنا ہے اور ملک کے اندر سخت گیر اور نام نہاد اعتدال پسند عناصر کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سخت گیر عناصر میدانِ جنگ میں ناکام ہو رہے ہیں جبکہ نام نہاد اعتدال پسند عناصر کو پذیرائی مل رہی ہے، آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور ایران کے معاہدہ کرنے تک سخت ناکا بندی جاری رہے گی۔