آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس کی تجویز، برطانیہ نے ٹرمپ کی مخالفت کر دی

لندن (رائٹرز)برطانیہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کارگو جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم عالمی بحری گزرگاہ پر کسی قسم کے ٹول یا اضافی چارجز عائد نہیں ہونے چاہئیں۔

برطانوی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ امریکا کو اپنی مجوزہ پالیسی کی مکمل تفصیلات واضح کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بین الاقوامی قانون کے مطابق بحری آمدورفت کے لیے کھلا رہنا چاہیے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر ٹول یا کسی بھی قسم کے چارجز عائد کرنے سے عالمی تجارت متاثر ہو سکتی ہے اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل میں رکاوٹ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ادھر امریکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن نے بھی آبنائے ہرمز کو ٹول فری رکھنے پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام کارگو جہازوں سے 20 فیصد سیکیورٹی فیس وصول کی جائے گی، جبکہ ایرانی جہازوں پر پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنائے گا اور اسی مقصد کے لیے یہ فیس وصول کی جائے گی۔