آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق ایران اور امریکا میں کوئی معاہدہ نہیں ہوا: علی باقری کنی

تہران(ایرانی میڈیا، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل)ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے نائب سیکرٹری علی باقری کنی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے تاحال کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

علی باقری کنی کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت کے لیے نئے طریقہ کار پر مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ خطے میں بحری نقل و حمل کو مزید محفوظ اور مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ رابطے بدستور جاری ہیں، تاہم ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر موجودہ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہیں۔نائب سیکرٹری سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا تھا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی سے متعلق پالیسیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی عمل آگے بڑھا رہا ہے۔

ان کے بیان کو حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی ان خبروں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جن میں ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق ممکنہ مفاہمت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔