واشنگٹن(ایکسیوس، رائٹرز، اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں ایرانیوں کو روتا دیکھ کر انہیں حیرت ہوئی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سمجھتے تھے لوگ آیت اللّٰہ خامنہ ای سے نفرت کرتے ہیں، تاہم جنازے میں عوامی جذبات دیکھ کر انہیں حیرت ہوئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے یہ آنسو بناوٹی ہوں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا چاہے تو اس موقع پر جمع ایرانی قیادت کو ایک ہی حملے میں نشانہ بنا سکتا تھا، تاہم ایسا اس لیے نہیں کیا گیا کہ پھر مذاکرات کیلئےکوئی فریق باقی نہ رہتا۔
دوسری جانب امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی عوام کسی کو اپنی آزادی سلب نہیں کرنے دیں گے، امریکا دنیا کے بہادر ترین لوگوں کا ملک ہے اور یہاں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا بھر کے لیے امید کی علامت ہے اور اسے کبھی ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ٹرمپ نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں، ایران کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور امریکا کے پاس دنیا کی سب سے طاقتور فوج موجود ہے۔

