اردن میں ایرانی حملوں کے دوران 2 امریکی اہلکار ہلاک، 4 زخمی، ایک لاپتا، سینٹکام

واشنگٹن/عمان (سینٹکام/رائٹرز) امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ اردن میں تعینات 2 امریکی اہلکار ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کے دوران ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے، جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہے۔

سینٹکام کے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی اور اتحادی افواج ایرانی حملوں کے خلاف دفاعی کارروائیاں کر رہی تھیں کہ اسی دوران دونوں امریکی اہلکار کارروائی کے دوران ہلاک ہو گئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک اور امریکی اہلکار لاپتا ہے، جس کی تلاش جاری ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

امریکی فوج نے فوری طور پر ہلاک اور لاپتا اہلکاروں کی شناخت یا واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم سینٹکام کا کہنا ہے کہ اردن میں ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔