تہران( عرب میڈیا)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران حالیہ مذاکرات اور معاہدے کے نتیجے میں فاتح بن کر سامنے آیا ہے، جبکہ اسرائیل کا ردعمل اس کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ معاہدے پر اسرائیل کے ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے اپنے مؤقف کو کامیابی سے منوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت خطے اور ایران کی مزاحمتی قوتوں کیلئے ایک باعزت دستاویز ہے، جو ایران کے مؤقف کی عکاسی کرتی ہے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مختصر حصے میں بعض معمولی اختلافات موجود تھے، تاہم ان سے مجموعی اتفاق رائے متاثر نہیں ہوا۔
عرب میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اپنے خطاب میں ان اختلافات یا معاہدے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ معاہدے کے حوالے سے مختلف فریقین کی جانب سے متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ اس کی مکمل تفصیلات اور حتمی متن تاحال باضابطہ طور پر جاری نہیں کیا گیا۔

