اسرائیلی وزیر ایتامار بن گویر پرفرانس میں داخلے پر پابندی عائد

پیرس(ایجنسیاں)فرانس نے اسرائیل کے قومی سلامتی کے انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر ایتامار بن گویر کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بیرٹ کے مطابق یہ فیصلہ آج سے نافذ العمل ہے، جس کے تحت بن گویر فرانس میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام غزہ فلوٹیلا کے ارکان کے ساتھ مبینہ ناروا سلوک کے ردعمل میں کیا گیا ہے، جس پر فرانس نے شدید غصے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وہ اپنے اطالوی ہم منصب کے ساتھ مل کر یورپی یونین سے بھی مطالبہ کریں گے کہ اسرائیلی وزیر کے خلاف مشترکہ پابندیاں عائد کی جائیں۔فرانسیسی حکام کے مطابق یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور انسانی حقوق سے متعلق خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔