اسرائیل میں امریکی سفیر کا 6 ہفتے کمانڈ سینٹر میں دو کتوں کے ساتھ قیام

تل ابیب( بین الاقوامی خبر ایجنسیاں)اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران انہوں نے چھ ہفتے کمانڈ سینٹر میں گزارے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے بتایا کہ اس دوران وہ مسلسل ایک محدود کمرے میں رہے، جہاں انہوں نے اپنے دو کتوں کے ساتھ قیام کیا۔ ان کے مطابق اس عرصے میں وہ کیمپ بیڈز پر سوتے رہے اور مائیکروویو اور ہاٹ پلیٹ کے ذریعے کھانا تیار کرتے رہے، جبکہ نقل و حرکت بھی محدود رہی۔

امریکی سفیر نے جنگ بندی کے بعد اپنی رہائش گاہ واپسی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ “اب اصل بستر نصیب ہوا ہے”، اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ سفیر ہونا بیک وقت مشکل اور مہم جوئی سے بھرپور تجربہ ہے۔

واضح رہے کہ مائیک ہکابی کو اسرائیل کا مضبوط حامی سمجھا جاتا ہے اور وہ اس سے قبل بھی اپنے بیانات کے باعث تنازع کا شکار رہ چکے ہیں۔ فروری میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ خطہ اسرائیل کو دیا گیا ہے اور اس کا دائرہ بعض قریبی ممالک تک بھی پھیل سکتا ہے، جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔