غزہ / تل ابیب(اسرائیلی حکام، عرب میڈیا)اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی کرم ابو سالم اور رفح سرحدی گزرگاہیں کل سے دوبارہ کھول دی جائیں گی۔اسرائیلی حکام کے مطابق رفح کراسنگ کو دونوں جانب سے لوگوں کی محدود نقل و حرکت کے لیے کھولا جائے گا، جبکہ کرم ابو سالم کراسنگ کے ذریعے غزہ میں انسانی امداد مرحلہ وار داخل کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی ترسیل اور افراد کی آمدورفت سخت نگرانی اور طے شدہ ضوابط کے تحت انجام دی جائے گی تاکہ سیکیورٹی اور انتظامی امور کو یقینی بنایا جا سکے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے مارچ میں ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد غزہ کی سرحدی گزرگاہیں بند کر دی تھیں، جس کے نتیجے میں انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی تھی۔
غزہ میں امدادی ادارے طویل عرصے سے سرحدی گزرگاہوں کی بندش کے باعث خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ تازہ اعلان کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ انسانی امداد کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور محدود پیمانے پر شہریوں کی آمدورفت بھی بحال ہو سکے گی۔

