اسلام آباد:امریکی یومِ آزادی کے اڑھائی سو سال مکمل،پروقار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد(امریکی مشن پاکستان)ریاستہائے متحدہ امریکا کے یومِ آزادی کے اڑھائی سو سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان میں امریکی مشن کے زیر اہتمام ’’فریڈم 250‘‘ کے عنوان سے ہفتے کی شب اسلام آباد میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی جمہوریت کے اڑھائی صدیوں پر محیط سفر اور پاکستان و امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب ’’فریڈم 250‘‘ کے تحت سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ تھی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور کثیرالجہتی تعلقات کو اجاگر کرنا تھا۔

اس موقع پر پاکستان کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں سرکاری حکام، کاروباری رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے، تعلیمی ماہرین اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں۔

تقریب میں مہمانوں کی بھرپور شرکت نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی وسعت اور باہمی تعاون کی اہمیت کو نمایاں کیا، جو مشترکہ مفادات، باہمی احترام اور دونوں ممالک کے عوام کیلئے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی خواہش پر مبنی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی مشن کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا کی آزادی کے اڑھائی سو برس مکمل ہونے کا جشن نہ صرف امریکی تاریخ کے ایک اہم سنگِ میل کی یادگار ہے بلکہ آزادی، جمہوریت اور اشتراک کی ان مشترکہ اقدار کا بھی اظہار ہے جو پاکستان اور امریکا کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے قیام کے بنیادی تصورات آج بھی دنیا بھر کے لوگوں اور اقوام کیلئےباعثِ ترغیب ہیں، جبکہ آج کی تقریب امریکا کی آزادی کے اڑھائی سو سال کے ساتھ پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان 80 سالہ دوستی کا جشن بھی ہے۔

نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی مل کر نئی کامیابیاں حاصل کریں گے کیونکہ ان کی بہترین کامیابیاں ماضی نہیں بلکہ وہ مشترکہ مستقبل ہے جسے دونوں قومیں مل کر تعمیر کریں گی۔

تقریب کے دوران امریکی میرین کور کے کلر گارڈ نے پرچم پیش کیے پاکستان اور امریکا کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ بعد ازاں امریکی فضائیہ کی سینٹرل کمانڈ کے بینڈ نے موسیقی کی دلکش دھنیں پیش کرکے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا، جس نے اسلام آباد کی فضاؤں کو رنگ و نور سے جگمگا دیا۔ یہ دلکش منظر امریکا کی ڈھائی سوویں سالگرہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ تعاون اور روشن مستقبل کی علامت بھی بن گیا۔

’فریڈم 250‘ ریاستہائے متحدہ امریکا کے اعلانِ آزادی پر دستخط کے اڑھائی سو سال مکمل ہونے کی مناسبت سے دنیا بھر میں امریکی سفارتی مشنز کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی سال بھر کی تقریبات کا سلسلہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’’امریکی عظمت کے ایک نئے دور‘‘ کے عنوان سے اس قومی جشن کا افتتاح کیا، جس کے بعد دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں مختلف تقریبات کے ذریعے اس تاریخی موقع کو منایا جا رہا ہے۔