اسلام آباد:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد( پیٹرولیم ڈویژن، اوگرا، رائٹرز، اے ایف پی)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 3 روپے 88 پیسے کم کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لیٹر لیوی عائد کی گئی ہے، جو اس سے قبل صفر تھی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایچ او بی سی پر 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر لیوی بدستور برقرار ہے، مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر پہلے سے عائد ہے۔

دوسری جانب اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے کمی کر دی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 360 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ترجمان اوگرا کے مطابق سوشل میڈیا پر پیٹرولیم ڈیلرز کی مبینہ ہڑتال سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور کسی بھی ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کا اعلان نہیں کیا گیا۔