امارات نے شہریوں پر ایران، لبنان اور عراق کے سفر پر پابندی عائد کردی

دبئی ( اماراتی وزارتِ خارجہ، امارات نیوز ایجنسی، غیر ملکی میڈیا)متحدہ عرب امارات نے خطے میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر اپنے شہریوں کے ایران، لبنان اور عراق کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

اماراتی وزارتِ خارجہ کے مطابق ان ممالک میں موجود تمام شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد وطن واپس آ جائیں۔امارات نیوز ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ خطے میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے دوبارہ حملے کیے تو وہ امریکی اہداف پر طویل اور شدید حملے کرے گا، جبکہ آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کا اعادہ بھی کیا ہے۔ادھر جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے، لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق یہ حملے تقریباً دو ہفتوں سے جاری جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔