واشنگٹن( بین الاقوامی میڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا خطے میں امن کے قیام کے لیے پُرعزم ہے اور لبنان، حزب اللّٰہ، اسرائیل سمیت تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی توقع رکھتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق اپنے وعدوں اور عزم پر قائم رہیں تاکہ امن کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی منڈیاں تیل کی قیمتوں میں کمی اور حصص بازاروں میں بہتری کے رجحان کو مثبت انداز میں دیکھ رہی ہیں، جو خطے میں کشیدگی میں کمی کی امید کا اظہار ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کے لیے یہ ایک اہم کامیابی ہے کہ تیل کی قیمتیں نیچے آ رہی ہیں اور سفارتی کوششوں کے ذریعے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ایران کو مبینہ طور پر 300 ارب ڈالر کی ادائیگی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات بے بنیاد اور جعلی ہیں۔ ان کے بقول یہ ڈیموکریٹک حلقوں کی جانب سے پھیلایا جانے والا پروپیگنڈا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

