واشنگٹن( بین الاقوامی میڈیا)امریکا اور ایران کے درمیان طے پانیوالی مفاہمتی یادداشت پر بعض اسرائیلی رہنماؤں کی تنقید کے بعد امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی وزرا پر تنقید کی ہے۔
اپنے بیان میں جے ڈی وینس نے کہا کہ معاہدے پر تنقید کرنیوالے اسرائیلی وزرا کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں اور موجودہ صورتحال کی حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ اسرائیلی کابینہ کا حصہ ہوتے تو دنیا میں اپنے واحد طاقتور اتحادی پر اس انداز میں تنقید یا حملے نہ کرتے کیونکہ ایسے بیانات دونوں ممالک کے تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ واحد سربراہِ مملکت ہیں جو اسرائیل کے ساتھ ہمدردانہ مؤقف رکھتے ہیں، اسلئے ایسے موقع پر معاہدے اور امریکی قیادت پر اسرائیلی حلقوں کی تنقید ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
جے ڈی وینس نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان قریبی تعاون آئندہ بھی برقرار رہے گا اور دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

